پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2022

بھارت مذہبی آزادی کی دھجیاں اڑا رہا اور پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے: دفتر خارجہ

بھارت مذہبی آزادی کی دھجیاں اڑا رہا ہے،بھارت نے پاکستانی بلائنڈ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کر دیا: ترجمان دفتر خارجہ__فوٹو: فائل
بھارت مذہبی آزادی کی دھجیاں اڑا رہا ہے،بھارت نے پاکستانی بلائنڈ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کر دیا: ترجمان دفتر خارجہ__فوٹو: فائل

پاکستان کی جانب سے ایک بار  پھر افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی سفارتخاے پر حملہ کرنیوالوں کو  انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارت مذہبی آزادی کی دھجیاں اڑا رہا ہے، بھارت کھیلوں میں سیاست لاتا ہے، بھارت نے پاکستانی بلائنڈ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار  کر کے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مذہبی آزادیوں کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے پر مایوسی ہوئی اور بھارت کو فہرست میں شامل نہ کر کے امتیازی سلوک کیاگیا، امریکی کمیشن کی سفارش کے باوجود بھارت کو فہرست میں شامل نہیں کیاگیا۔

ممتاز بلوچ نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے حوالے سے امریکی الزامات مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے طویل عرصے تک دہشت گردی کا سامنا کیا، پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ ملک ہے، پاکستان نے بڑے جانی نقصانات کا سامنا کیا ہے اور بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔

افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر امریکی بیان پر ردعمل میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں، پاکستان میں بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، عالمی برادری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔

بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ پر حملہ تشویشناک ہے، پاکستان نے اپنی تشویش سے افغانستان کو آگاہ کیا ہے، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھرنے دورہ افغانستان میں افغان حکام کو اپنے تحفظات سےآگاہ کیا۔

مزید خبریں :