Time 11 مئی ، 2024
کاروبار

بیوٹی پراڈکٹس تیار کرنیوالی 12 کمپنیوں کو گمراہ کن اشتہارات پر نوٹس جاری

اسلام آباد: مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے  بیوٹی پراڈکٹس تیار کرنے  والی 12 کمپنیوں کو گمراہ کن اشتہارات پر نوٹس جاری کردیے۔

مسابقتی کمیشن کے مطابق ملک میں بیوٹی پراڈکٹس  بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے دھوکے پر مبنی تشہیرکا نوٹس لیا گیا، ابتدائی تحقیقات میں 12 کمپنیوں کی  جانب سے صارفین کو بیوٹی پراڈکٹس سے گمراہ کرنےکا انکشاف ہوا ہے، یہ کمپنیاں بادی النظر میں ''گرین واشنگ'' میں مصروف تھیں۔

مسابقتی کمیشن کا کہنا ہے یہ کمپنیاں اپنی مصنوعات کی بطور قدرتی، نامیاتی، پائیدار، خالص اور کیمیکل سے پاک تشہیرکر رہی تھیں، تاہم ان کمپنیوں کے پاس گمراہ کن دعوے کی حمایت میں کوئی سائنسی ثبوت نہیں۔

مسابقتی کمیشن کے مطابق  اس طرح کی غیر مصدقہ مارکیٹنگ کے دعوے صارفین کو گمراہ کرتے ہیں،  ایسےگمراہ کن دعوے صارفین کے لیے ممکنہ صحت کے خطرات کا باعث  بھی  بنتے ہیں، کمپنیاں اپنی مصنوعات میں کیمیائی، مصنوعی اجزاء کی مادی معلومات کو لیبلز اور  مارکیٹنگ کمیونیکیشنز سے نکال دیتی ہیں، کمپٹیشن ایکٹ  2010  کا سیکشن 10 دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کے طریقوں کی ممانعت کرتا ہے۔

 مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے صارفین کو بھی ہوشیار  رہنےکی تاکیدکی ہے۔

مزید خبریں :