01 دسمبر ، 2022
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے بھارتی ویزوں کی منتظر ہے۔
بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب 5 دسمبر کو نئی دہلی میں ہونی ہے جس میں شرکت کیلئے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی 4 دسمبر کو بھارت روانگی شیڈولڈ ہے تاہم ابھی تک ٹیم کو ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ ایک ماہ پہلے اسکواڈ کے نام جبکہ ایک ہفتہ پہلے پاسپورٹ جمع کروائے گئے لیکن پاکستان بلائنڈ کرکٹ اسکواڈ کے آج بھی ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
سید سلطان شاہ کے مطابق ورلڈ بلائنڈ کرکٹ نے بھارت کو میزبانی اس شرط پر دی تھی کہ تمام ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا، پاکستان رینکنگ میں پہلے نمبر کی ٹیم ہے اس کی شرکت کو یقینی بنانا چاہیے۔
سید سلطان شاہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کے صدر بھی ہیں، انہوں نے کہا کہ ابھی بھی امید ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے پر کل ویزے جاری ہو جائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پہلا میچ 6 دسمبر کو جنوبی افریقا کے خلاف نئی دہلی میں کھیلنا ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 4 دسمبر کو شیڈولڈ ہے۔