11 مئی ، 2024
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے جناح اسپتال میں پوسٹ گریجویٹس کی سیٹیں بڑھانے اور ایمرجنسی میں توسیع کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال شاہد رسول نے ملاقات کی جس میں جناح اسپتال کی خدمات کو مزید بہتر کرنے پر بات چیت کی گئی، اس دوران وزیراعلیٰ نے اسپتال کوبہترین ادارہ بنانےکیلئے پروفیسر شاہد رسول کو ہدایات دیں۔
پروفیسر شاہد رسول نے وزیراعلیٰ کو جے پی ایم سی کی توسیع سے متعلق بریفنگ دی جس پر مرادعلی شاہ نے کہا کہ جناح اسپتال میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظراسپتال میں سروسزبھی بڑھانی ہوں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اسپتال میں پوسٹ گریجویشن کی مزید 200 سیٹیں بڑھانےکی منظوری دے دی جس کے بعد جے پی ایم سی میں پی جیزکی سیٹیں 953 ہوجائیں گی۔
مراد علی شاہ نے جناح اسپتال میں پارکنگ پلازہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چاہتا ہوں جے پی ایم سی میں سینٹرل ویئرہاؤس ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے بجٹ میں اسپتال کا بجٹ 2200 بیڈ کی مناسبت سےبڑھایا جائےگیا، جے پی ایم سی میں 1600بیڈز تھےجو اب بڑھ کر 2200 بیڈز ہوگئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے اسپتال کے ایڈمنسٹریشن بلاک کو اپ گریڈ کرنے ایمرجنسی کی توسیع کرنےکی بھی ہدایت کی۔