کھیل
Time 08 دسمبر ، 2022

ملتان ٹیسٹ: پاکستان ٹیم میں دو سے تین تبدیلیوں کا امکان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان اور انگلینڈ  کے درمیان ملتان میں ہونے والے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون کی تشکیل کے لیے پاکستان ٹیم منیجمنٹ کی ہوٹل میں اہم میٹنگ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کے ان فٹ ہونے کے بعد پلیئنگ الیون کی تشکیل میں ٹیم منیجمنٹ کو مشکلات درپیش ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو سے تین تبدیلیوں کا امکان ہے ،فہیم اشرف،محمد نواز اور ابرار احمد کی فائنل الیون میں شمولیت پر غور کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ حارث رؤف پہلے ہی انجری کا شکار ہو کر سیریز سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کندھے کی انجری کے باعث ملتان ٹیسٹ نہ کھیلنے کا امکان ہے۔

 ذرائع کے مطابق ٹیم منیجمنٹ کی میٹنگ میں ٹاپ آرڈر بیٹر اظہر علی کو بھی دوسرےٹیسٹ میں آرام دینے پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان ٹیسٹ کے لیے ٹیم منیجمنٹ کی ہدایت پراسپن ٹریک تیارکیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل ملتان میں شروع ہوگا، 3 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

مزید خبریں :