Time 09 دسمبر ، 2022
پاکستان

ویڈیو: کراچی میں بینک کے باہر شہری کو لوٹنے والا ’سوٹڈ بوٹڈ‘ ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار

کراچی کے ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں شاہراہ فیصل پر بینک سے نکلنے والے شہری کو لوٹنے والے 2 ملزمان میں سے ایک سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔

ٹیپوسلطان تھانے کی ایس ایچ او انسپکٹر عظمیٰ خان کے مطابق شاہراہ فیصل بلوچستان ہاؤس کے قریب مقامی بینک سے فراز نامی شہری نے پانچ لاکھ 40 ہزار روپے نکلوائے تھے کہ ٹائی لگائے ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر ان سے رقم لوٹنے کی کوشش کی اور  مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے منی چینجر کے باہر تعینات سکیورٹی گارڈ سلیم اختر زخمی ہوگیا۔

سکیورٹی گارڈ نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے موٹر سائیکل کے عقب میں بیٹھا ہوا ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہو کر بعد ازاں موقع پر ہلاک ہوگیا۔

سکیورٹی گارڈ نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے موٹر سائیکل کے عقب میں بیٹھا ہوا ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہو کر بعد ازاں موقع پر ہلاک ہوگیا— فوٹو: جیو نیوز
سکیورٹی گارڈ نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے موٹر سائیکل کے عقب میں بیٹھا ہوا ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہو کر بعد ازاں موقع پر ہلاک ہوگیا— فوٹو: جیو نیوز

ایس ایچ او عظمیٰ خان کے مطابق لوٹی گئی رقم میں سے 2 لاکھ 40 ہزار روپے ہلاک ملزم کے پاس تھے جو زمین پر گر گئے تھے، شہریوں نے یہ رقم اٹھا کر مدعی کے حوالے کی جبکہ بقیہ رقم نہیں مل سکی اور اس کے بارے میں پولیس کا شبہ ہے کہ فرار ہونے والا ملزم لے گیا۔

دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہریوں کو فائرنگ سے بچ کر بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ گولیاں لگنے سے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا اور بیشتر کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

ایس ایچ او عظمیٰ خان کے مطابق ہلاک اور فرار ہونے والے ملزمان ’سوٹڈ بوٹڈ‘ تھے جبکہ انہوں نے ٹائی بھی لگا رکھی تھیں۔

ہلاک ملزم کے قبضے سے 3 جدید پستول برآمد ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :