Time 11 دسمبر ، 2022
کھیل

ایک اور اچھی پارٹنر شپ ہوگئی تو انگلینڈ پر دباؤ ہوگا: رضوان

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

ملتان : پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کا کہنا ہےکہ ایک اور اچھی پارٹنر شپ ہو گئی تو انگلینڈ پر دباؤ ہوگا، ایک اچھا میچ دیکھنےکا موقع ملےگا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ تین سو سے زائد رنز کا ہدف  حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا، یہ چیز ہمیشہ مائنڈ میں رہتی ہے لیکن جس طرح کھیل رہے ہیں اورپلان ہے تو ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے، ہم نے کل ہی پلان ذہن میں بنایا تھا کہ اگر 350 یا 360 کے اندر ہدف رکھتے ہیں تو ہمارے پاس ایک چانس ہوگا۔

 محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں سری لنکا میں اتنا ہدف حاصل کیا ہوا ہے، ہمارے ذہن کے مطابق ٹارگٹ ملا جلد وکٹیں بھی حاصل کر لی تھیں، انگلینڈ نے اچھی بولنگ کی ہماری وکٹیں جلد گرگئیں، ہم نے جس طرح بیٹنگ کی ہے اب ہماری پوزیشن ان سے اوپر ہے۔

وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم ایک مختلف انداز میں کھیلتی ہے، وہ لوگ  آتے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہیں، انگلینڈ کی ٹیم فیلڈنگ سے ہم پر اٹیک کر رہی ہے، ہمیں ان کے اوپر سے کھیلنا پڑ رہا ہے، ہم نے بھی آج صبح ان پر اٹیک کیا اور ہمیں جلد وکٹیں ملیں۔

رضوان نے بتایا کہ امام الحق دستیاب نہیں تھے تو کوچ اور کپتان نے مجھ سے اوپننگ کے لیے پوچھا، میں نے فوری طور پر جواب دیا کہ میں تیار ہوں، مجھ پر اعتماد کیا گیا اور میں نے بھی اوپننگ کے لیے خوشی کا اظہار کیا، ٹیسٹ کرکٹ میں اوپن کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن میں اس میں خوشی محسوس کرتا ہوں، میں جس بال پر آؤٹ ہوا وہ واقعی شاندار بال تھی، ڈریسنگ روم میں آیا تو نسیم شاہ نے کہا کہ ایسا لگا ڈیوک کا بال ہو انگلینڈ میں کھیل رہے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس اس بال کا کوئی جواب نہیں تھا، شائد مجھ میں کوئی کمی تھی جو اس طرح کی بال پڑی اور میں آوٹ ہو گیا،ہو سکتا ہےکہ انگلینڈ کے بولرز نے پچ پر کریکس کا استعمال کیا ہو، انگلینڈ کی بولنگ دنیا کی بہترین ٹیسٹ بولنگ ہے، انہوں نے ورلڈ کلاس بالز پر بابر اعظم اور عبداللہ شفیق کو آؤٹ کیا۔

مزید خبریں :