21 دسمبر ، 2022
لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی ہاکس بے اسکیم 42 میں دن دہاڑے عوام کی اربوں روپے مالیت کی زمینوں پر قبضے شروع ہو گئے۔
ایل ڈی اے اسکیم 42 ہاکس بے میں عوام کو الاٹ کردہ ڈھائی سے 5 ارب روپے کی زمین پر موجود پلاٹوں پر قبضہ جاری ہے اور عوام کے ڈھائی ارب روپے کے پلاٹس پر قبضہ ہو چکا ہے۔
جیو نیوز نے ہاکس بے اسکیم 42 کے بلاک 16 میں قبضے کی ویڈیو بھی حاصل کر لی ہے جبکہ متاثرین کا کہنا ہے کہ قبضہ ایل ڈی اے دفتر کے اطراف میں ہو رہا ہے۔
پلاٹ مالکان کی جانب سے ایل ڈی اے آفس میں مظاہرہ کیا گیا اور اور نعرے بازی کی گئی، متاثرین کا کہنا ہے کہ قبضہ سرکاری سرپرستی میں ہو رہا ہے اور پورا سیکٹر بلیٹڈ ہے۔
متاثرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیکٹر 18 اور 21 سمیت کئی سیکٹرز میں جھاڑیاں جلا کر قبضے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ایل ڈی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ عوام کو الاٹ کی گئی تقریباً 200 ایکڑ پر قبضہ ہو رہا ہے۔