21 دسمبر ، 2022
اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے 31 دسمبر کو وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن رکوانے کی درخواست دائرکر دی۔
بلدیاتی انتخابات کے لیے مسلم لیگ کے چیئرمین کے امیدوار شہزاد اورنگزیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یونین کونسلز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد یونین کونسلز 101 سے 125 ہوگئی ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کوپرانی ووٹرز لسٹ کے مطابق الیکشن کرانے سے روکا جائے، الیکشن کمیشن کا نوٹیگکیشن 101 یونین کونسلزکی حد تک تھا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اب ان 101 یونین کونسلزکا وجود باقی نہیں رہا، وفاقی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم بھی تجویز کی ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے علی نواز اعوان نے بھی حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ یونین کونسلز کے معاملے پر ہائیکورٹ پہلےہی فیصلہ دے چکی ہے، ہائیکورٹ نے مزید یونین کونسلز بڑھانے سے روکا تھا، یونین کونسلز کی تعداد بڑھا کر توہین عدالت کی گئی۔
علی نواز اعوان کی درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ہر صورت 31 دسمبر کو ہی ہوں گے۔