Time 22 دسمبر ، 2022
پاکستان

اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کیلئے دوبارہ بلالیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے لیے بلالیا۔

شاہ محمود قریشی کے خط کے  جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خط میں کہا کہ شیڈول کےاندرکوئی رکن استعفےکی تصدیق کے لیے نہیں آیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہےکہ 11 اپریل کو جمع کرائےگئے استعفوں کی تصدیق کے لیے 23 مئی کو خط لکھا گیا تھا اور 6 سے 10 جون تک استعفوں کی تصدیق کی مہلت دی گئی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے لیے مدعو کرتے ہوئے خط میں استعفوں کی تصدیق سے متعلق قواعد کا حوالہ  بھی دیا ہے۔

بعد ازاں قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں آکرکردار  ادا کرے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے استعفوں کی تصدیق کے لیے تمام ارکان کو خطوط لکھے تھے، قواعد یہ کہتے ہیں کہ  آپ نے اپنے ہاتھ سے استعفیٰ لکھنا ہے اور اس کی تصدیق کے لیے اسپیکر کے سامنے پیش ہونا ہوتا ہے، شاہ محمود قریشی نےکہا ہم اکھٹے آنا چاہتے ہیں، اکھٹے ہوکر آنا اسپیکرکے اطمینان کے لیےکافی نہیں ہے، اس سے ایک دوسرے پر  پریشر ہوگا۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ استعفوں کی تصدیق کے لیے سب کو وقت دوں گا اور ہر رکن کو سننا بھی چاہوں گا۔

مزید خبریں :