Time 15 دسمبر ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی نے استعفوں کی تصدیق کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی سے وقت مانگ لیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وقت مانگ لیا۔

لاہور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا،امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا،ہم نے قومی اسمبلی سے استعفے دیے لیکن الیکشن کمیشن کو فارورڈ نہیں کیےگئے،استعفوں کی منظوری میں سلیکٹڈ ارکان کے استعفے منظور کیےگئے، منتخب ارکان کے استعفوں کی منظوری کو سیاسی مقاصدکے لیے استعمال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے حکومت کی ایما پر غیرقانونی اور آئین سے ہٹ کر فیصلہ کیا، اسپیکرکو پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے خط لکھ دیا ہے، اسپیکر چاہیں سب کو ایک ساتھ بلائیں یا ایک ایک کرکے بلائیں، اپنے دستخط کے ساتھ میں اسپیکر کو خط بھیج رہاہوں، اسپیکر ہمیں بلائیں اور ہم ان کے سامنے پیش ہوسکیں اور اجتماعی طور پر پیش ہوکر فیصلےکی تجدیدکرسکیں۔

اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے سپریم کورٹ میں غلط بیانی کی،کہا گیا کہ پی ٹی آئی ارکان استعفیٰ دے چکے ہیں اور تنخواہیں لے رہے ہیں،  اپریل کے بعد سے پی ٹی آئی کے کسی رکن کو تنخواہ نہیں ملی،شبہ ہے حکومتی ارکان پی ٹی آئی کے نام پر تنخواہیں نکال کر نہ کھا گئے ہوں۔

ایک سوال پر  فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کے پاس نمبر پورے ہیں،گورنر پنجاب بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف چند روز قبل کہہ چکے ہیں، کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے اس لیے قبول نہیں کیےکہ وہ اکیلے میں آکر کہتے ہیں کہ ان پر دباؤ ہے، وہ مجبور ہیں، استعفے دینا نہیں چاہتے۔

مزید خبریں :