02 جنوری ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر یاسمین راشد اور حماد اظہر نے کہا ہے کہ عوام جان چکے ہیں لوگوں نے پی ڈی ایم کو مسترد کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کی لاہور میں "الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ" ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی ’’الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ‘‘ ریلی میں اہل لاہور کی بڑی تعداد میں شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ لاہور پی ٹی آئی کا قلعہ بن چکا ہے۔
پی ٹی آئی کی "الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ ریلی" آزادی چوک لاہور سے شروع ہو کر چوک یتیم خانہ پہنچ پر ختم ہوئی۔
ریلی میں کارکنوں نے پارٹی پرچم، پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے، کارکنان پارٹی ترانوں پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے۔
ریلی داتا دربار کے نزدیک پہنچی تو ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔
"الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ" ریلی کے دوران ریلی میں شریک کارکنوں کی کے درمیان تکرار کے واقعات پیش آئے جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں نے رکشا ڈرائیور پر بھی تشدد کیا، رکشا ڈرائیور کے کپڑے پھاڑ دیے، رکشہ ڈرائیور کے ہاتھ سے خون بہنے لگا۔