Time 04 جنوری ، 2023
کھیل

کراچی ٹیسٹ: بابر کا رن آؤٹ، امام الحق نے اپنے چچا انضمام کی یاد دلا دی

فوٹو: اسکرین گریب/فائل
فوٹو: اسکرین گریب/فائل

کراچی ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹر امام الحق نے اپنے چچا اورماضی کے بہترین بیٹر انضمام الحق کی یاد دلادی۔

کراچی میں کھیلے جارہے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے 449 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہے۔

میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی، جواب میں پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 27 کے مجموعی اسکور پر گری جب عبداللہ شفیق 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد شان مسعود 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ، دو وکٹیں گرنے کے بعدامام الحق اور کپتان بابر کریز پر موجود تھے کہ بابر تیسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔

 دوسرے اینڈ پر امام الحق تیسرے رن کے لیے  پہلے کریز سے نکلے اور واپس چلے گئے، اس دوران بابر امام کے پاس آگئے اور دوسرے اینڈ سے رن آؤٹ ہوگئے۔

 اس واقعہ کے بعد مام الحق نے اپنے چچا انضمام الحق کی یاد دلا دی ، جو ماضی میں آسٹریلیا کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں اپنے کپتان وسیم اکرم کے ساتھ بیٹنگ کر رہے تھے ۔

وسیم اکرم رن لینے دوڑے لیکن پاؤں پر گیند لگنے کے باعث انضمام نیچے گر گئے اور رن لینے کے لیے وہ دوڑے ہی نہیں تھے اور رن آؤٹ ہوگئے تھے۔

ماضی کے اس واقعے کو وسیم اکرم بھی خوبصورت انداز سے اکثر پیش کرتے رہے ہیں۔


مزید خبریں :