09 جنوری ، 2023
کراچی پولیس چیف نے کہا ہےکہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ ختم ہوچکی لیکن اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ اسٹریٹ کرائم سب سے آسان ہے۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے کہا کہ پچھلے سال مجموعی جرائم میں کمی ہوئی ہے جب کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں 24 ہزار سے بڑھ کر 28 ہزار ہوگئی ہیں، اسٹریٹ کرائم میں زیادہ تر موبائل چھیننے کی وارداتیں ہوئیں اور ان وارداتوں میں 111 افراد جاں بحق ہوئے۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم سب سے آسان ہے اس میں اضافہ ہوا ہے جب کہ بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کم ہوئی ہیں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم ہوچکی ہے۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کےطالب علم کے قتل میں ملوث ملزم 24 گھنٹے میں گرفتار ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کراچی میں 5 ہزار کیمروں کا اضافہ کیا ہے، ملزمان کی گرفتاری، تلاش کاعمل بہتراور انویسٹی گیشن کمزورہے، فور وہیل گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں کمی ہوئی ہے۔
جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں نہیں ہورہی ہیں، گھروں میں ڈکیتی کرنے والے آٹھ دس گینگ پکڑے ہیں جب کہ چوری کے موبائل کے پارٹ بیچنے والےکئی ٹیکنیشن گرفتارکیے ہیں۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ 15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن کی سیکورٹی کے لیے تیار ہیں۔