11 جنوری ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز کا کہنا ہے کہ اچھی بولنگ کا زیادہ مزہ تب آتا ہے جب ٹیم بھی کامیابی حاصل کرے، پاکستان ٹیم نے اچھا کم بیک کیا لیکن بیٹنگ یونٹ وہ نتائج نہیں دے سکا جس کی توقع تھی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 79 رنز سے شکست دیکر 3 میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
نیوزی لینڈ کے 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 182 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان بابر اعظم 79 رنز بناکر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں چار وکٹیں لینے والے محمد نواز نے میچ کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی وکٹ کے بعد 181 رنز کی پارٹنر شپ لگی تو ہمیں بھی لگا کہ 300 پلس اسکور ہو جائے گا لیکن پہلے پارٹنر شپ توڑی اور پھر اوپر نیچے وکٹیں لے کر پاکستان ٹیم نے اچھا کم بیک کیا۔
انہوں نے کہا کہ چار وکٹوں میں سب سے زیادہ خوشی کین ولیمسن کو آؤٹ کر کے ہوئی کیونکہ اس کو پڑنے والے گیند ٹپیکل لفٹ آرم اسپنر کی گیند تھی۔
محمد نواز نے کہا کہ زیادہ خوشی تب ہوتی کہ پاکستان ٹیم دوسرا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرلیتی لیکن امید ہے پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی اور سیریز جیتنے میں کامیاب ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں گیند زیادہ بریک ہو رہی تھی، ایسا پہلے ون ڈے میں بھی دیکھا گیا تھا اس لیے تیسرے ون ڈے میں ٹاس اہم کردار ادا کرسکتا ہے لیکن دوسرے ون ڈے کی شکست کا بہانہ یہ نہیں بنائیں گے کہ دوسری اننگز میں بریک زیادہ تھی تو ہم اسکور نہ کر سکے ، پروفیشنل کرکٹر ہیں ہر کنڈیشن میں پرفارم کرنا چاہیے۔
محمد نواز نے کہا کہ کرکٹ بہت زیادہ ہو رہی ہے، ورک لوڈ بھی بڑھے گا اور اس کا بخوبی اندازہ ہر کرکٹر کو ہے ،اس لیے ورک لوڈ کو دیکھتے ہوئے ہر کرکٹرز کو فٹ رہنا ہوگا اور اپنی فٹنس کا خیال رکھنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے نتائج میں مستقل مزاجی ہونی چاہیے اور وائٹ بال میں ہم مسلسل نو ون ڈے جیتنے میں کامیاب ہوئے ، انفرادی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔