Time 12 جنوری ، 2023
پاکستان

ناظم جوکھیو قتل کیس: جام اویس سمیت تین ملزمان کی صلح کی درخواست منظور

دو ملزمان کی صلح نامے کی درخواست مسترد کردی، ملزمان پر اغوا کا مقدمہ چلے گا: عدالت/ فائل فوٹو
دو ملزمان کی صلح نامے کی درخواست مسترد کردی، ملزمان پر اغوا کا مقدمہ چلے گا: عدالت/ فائل فوٹو

کراچی: عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں رکن سندھ اسمبلی جام اویس کی صلح نامے کی درخواست منظور کرلی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ملیر میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ملزمان کی مقتول کے ورثا سے صلح کی درخواستوں پرفیصلہ سنایا۔

عدالت نے رکن سندھ اسمبلی جام اویس گہرام سمیت تین ملزمان کی صلح نامےکی درخواست منظور کر لی جب کہ دو ملزمان کی صلح نامے کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے کہا کہ دو ملزمان پر اغوا کا الزام ہے اس لیے ان کی صلح کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جام اویس گہرام، معراج جوکھیو اور احمد خان کی صلح کی درخواست منظور کی گئی ہے جب کہ ملزمان دودو خان اور  سومار کو قتل کے الزام سے رہا کیا جاتا ہے تاہم ان دونوں پر مقتول کے اغو اکا مقدمہ چلے گا۔

مقدمے کے ایک ملزم سلیم سالار نے صلح نامے کی بنیاد پر کیس سے رہا ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا اس کیس میں کوئی کردار نہیں ہے، صلح نامے کی بنیاد پر رہا نہیں ہوسکتا۔

واضح رہے کہ ناظم جوکھیو کو نومبر 2021 میں تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا، رکن قومی اسمبلی جام کریم کے خلاف پولیس نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ ختم کردیا تھا۔

مزید خبریں :