13 جنوری ، 2023
عالمی اقتصادی ادارے ورلڈ اکنامک فورم نے 2025 تک پاکستان کو درپیش 10 بڑے خطرات کی نشاندہی کر دی۔
عالمی اقتصادی ادارے ورلڈ اکنامک فورم کی گلوبل رسک رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے کا سامنا ہے، اگلے دو سال تک پاکستان کو خوراک کی کمی ،سائبر سکیورٹی، مہنگائی اور معاشی بحران کےخطرات درپیش ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو عدم استحکام کے ساتھ خوارک،قرضوں کے بحران کا سامنا ہے،خطے کے ممالک آبی وسائل کو علاقائی تنازعات میں بطور ہتھیار بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے 8 لاکھ ایکڑ سے زائد زرعی زمین تباہ ہوئی، اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
عالمی اقتصادی ادارے ورلڈ اکنامک فورم کی گلوبل رسک رپورٹ کے مطابق ڈیفالٹ کا سامنا کرنے والے دیگر ممالک میں ارجنٹائن، تیونس، گھانا، کینیا ، مصر ، ترکیہ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے ہنگامی قرضوں کے ریکارڈ اجراء کے باوجود 54 سے زائد ممالک کو قرضوں کی ضرورت ہے،کچھ ترقی یافتہ ممالک ملکی ضروریات میں اضافے،مالی دباؤ کے سبب رعایتی بنیاد پر قرض دینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔