17 جنوری ، 2023
فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن( اے ایف سی) کے وفد نے پیر کو لاہور میں پاکستان فٹبال ہائوس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف) کی نارملائزیشن کمیٹی( این سی) کے ارکان سے ملاقات کی۔
مہمان آفیشلز میں ہیڈ آف ایم اے گورننس فیفا رولف ٹینر، ریجینل ڈیویلپمنٹ آفس کے کوارڈینیٹر آندرے ویشکووچ، اے ایف سی کے ہیڈ آف ساؤتھ ایشیا یونٹ پرشوتم کیٹل شامل تھے۔
اس موقع پر فیفا اور اے ایف سی حکام پاکستان فٹبال کنیکٹ آئی ڈی کے تحت کلبز کی رجسٹریشن کیلئے متعارف کروائے جانے والے موبائل یونٹ کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔
اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈی جی طارق قریشی نے افتتاح کیا، اس موقع پر پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور شاہد نیاز کھوکھر سمیت دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے پاکستان فٹبال کنیکٹ پروگرام کے سربراہ سعود ہاشمی نے کہا کہ سیلاب اور خراب موسم کی وجہ سے رجسٹریشن کی عمل کا حصہ نہ بن پانے والے کلبز کو ان کے دروازے پر سہولت فراہم کی جارہی ہے،موبائل یونٹ اپنے شیڈول کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔
ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب طارق قریشی نے کہا کہ فیفا اے ایف سی وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، نارملائزیشن کمیٹی کی فٹبال پر بھرپور توجہ ہے،کلب سسٹم کو منظم کیے گئے بغیر کھیل کو ترقی نہیں مل سکتی،پی ایف ایف کے ساتھ مل کر کلب فٹبال کی بحالی کے لیے ٹورنامنٹ کرائیں گے۔
دوسری جانب فیفا اور اے ایف سی وفد نے فٹبال ہاؤس میں ایک مصروف دن گزارا، پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک سے تفصیلی ملاقات ہوئی،مہمان آفیشلز کو پاکستان میں فٹبال کی صورتحال،ملکی اور بین الاقوامی سطح پر جاری سرگرمیوں اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہارون ملک نے کہا کہ وفد کے ساتھ میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے، مہمان آفیشلز نے ہماری جانب سے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے،پاکستان فٹبال کے حوالے وفد اپنی رپورٹ دے گا جس کی روشنی میں مستقبل کا لائحہ عمل طے ہو گا۔
تقریب کے دوران پی ایف ایف کے آفیشل ترانہ کا میوزک بھی لانچ کیا گیا جس کو حاضرین نے سراہا۔