بلوچستان: برفباری کے باوجود انسداد پولیو مہم جاری

بلوچستان کے شہر قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ کےمختلف علاقوں میں برفباری کےدوران بھی انسداد پولیو مہم جاری ہے جہاں  سرد موسم کےباوجود انسدادپولیو ورکرز بچوں کو  پولیو سے بچاؤکےقطرے پلانے میں مصروف ہیں۔

قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ  کے  علاوہ زیارت، پشین، مستونگ اور قلات  میں برفباری کا سلسلہ گزشتہ رات گئے شروع ہواجو کہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے، اس دوران انتہائی سرد موسم میں اور برفباری کےباوجود انسدادپولیو ورکرز ان علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کےقطرے پلانے کیلئے معمول کے مطابق پہنچ رہے ہیں۔

 والدین کی جانب سے بھی پولیو ٹیموں سے تعاون کیاجارہاہے

دوسری جانب والدین کی جانب سے بھی پولیو ٹیموں سے تعاون کیاجارہاہے اور ان ٹیموں کی بچوں تک رسائی یقینی بنائی جارہی ہے ۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں قومی انسدادپولیو مہم گزشتہ پیر کو شروع ہوئی تھی، آج صوبے میں اس مہم کا تیسرا روز ہے، انسدادپولیو کی یہ مہم آئندہ اتوار تک جاری رہے گی۔

اس دوران صوبہ بھر میں 5  سال سے کم عمر کے تقریبا 26لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے جس کیلئے 11 ہزار سےزائدٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،مہم میں بچوں کو وٹامن اےکےقطرےبھی پلائے جارہےہیں۔

یاد رہے کہ بلوچستان تقریبا 2سال سے پولیو فری صوبہ ہے،صوبے میں پولیو کا آخری کیس 27 جنوری 2021 میں ضلع قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوا تھاجبکہ اپریل 2021 سے صوبے کے ماحول میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی ہے۔

مزید خبریں :