Time 19 جنوری ، 2023
پاکستان

نگران وزیراعلیٰ پنجاب: عمران خان سے مشاورت کے بعد 2 نام پارلیمانی کمیٹی کوبھیجنے پر اتفاق

عمران خان سے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی ملاقات، نگران وزیراعلیٰ کیلئے احمد نواز سکھیرا، نوید چیمہ اور نصیرخان کے ناموں پر غور کیا گیا— فوٹو: فائل
عمران خان سے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی ملاقات، نگران وزیراعلیٰ کیلئے احمد نواز سکھیرا، نوید چیمہ اور نصیرخان کے ناموں پر غور کیا گیا— فوٹو: فائل

پنجاب میں نگران حکومت کے قیام کے معاملے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی اور نگران وزیراعلیٰ کیلئے احمد نواز سکھیرا، نوید چیمہ اور نصیرخان کے ناموں پر غور کیا گیا۔

عمران خان سے حتمی مشاورت کے بعد 2 نام پارلیمانی کمیٹی کوبھیجے جانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا، حساس ملکی صورتحال میں انتخابات کی شفافیت خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی ہے، صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ ترین معاملہ ہے، بہترین ساکھ اور صلاحیت کی حامل نگران حکومت اس ذمہ داری کیلئے موزوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بہترین شہرت و صلاحیت کی حامل شخصیات کو نامزد کررہی ہے، عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت دینا حماقت ہوگی، نگران حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضہ  پورا کرکے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا حق دیا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر مشاروت کیلئے کمیٹی قائم ہوچکی ہے، حکومت اور اپوزيشن کمیٹی کو دو دو نام بھیجیں گے، کمیٹی کو تین دن میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے کرنا ہے، ایسا نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا جو ان میں سے کسی ایک کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کردے گا۔

مزید خبریں :