23 جنوری ، 2023
روبیکس کیوب ایک ایسا تھری ڈی پزل ہے جسے حل کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں لیکن کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان ایان نے صرف 9 سیکنڈز میں اس کیوب کو حل کرکے پاکستان روبیکز کیوب چیمپئن شپ جیت لیا۔
ایان15 سال کے ہیں اور انہیں کیوبنگ کا بہت شوق ہے جنھوں نے جیو ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں 2018 سے کیوبنگ کرہا ہوں، اس کو حل کرنے کے مختلف طریقے ہیں جسے سیکھنے کے لیے بہت پریکٹس کرنی پڑتی ہے، مجھے لگتا ہے کیوبنگ کرنے سے میری پرابلم سولونگ اسکلز، ذہنی صلاحیت، انگلیوں کی تیز حرکت ، مسل کنکشن وغیرہ بہتر ہوتا ہے۔
کراچی میں پہلی بار ملکی سطح پر روبیکس کیوب چیمپئن شپ کا انعقاد ہوا، جس میں مختلف شہروں سےتقریباً 250 کیوبنگ کے ماہر بچوں نے حصہ لیا، جس میں ایان 13-16 کی کیٹیگری میں کامیاب رہے۔
نبیلہ پڈانیہ جو اس چیمپئن شپ کی منتظمین میں شامل تھیں، انہوں نے جیو ڈیجیٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو اسکرین دیکھ کر گیمز کھیلنے کے بہت سے مواقع ملتے ہیں لیکن ہم اس طرح کا موقع دینا چاہ رہے ہیں کہ بچے خود اپنے ہاتھوں سے روبیکز کیوب کے ساتھ کھیلے تاکہ انکی ذہنی صلاحتیں بہتر ہونے میں مدد مل سکے۔