Time 23 جنوری ، 2023
پاکستان

ایڈیشنل آئی جی کراچی کا دورہ، ایس ایچ او شاہراہ فیصل کو معطل کردیا

ایس ایچ او شاہراہ فیصل نے اپنی مرضی سے چیکنگ پوائنٹ تبدیل کیا اور موجود نہیں تھے— فوٹو: فائل
ایس ایچ او شاہراہ فیصل نے اپنی مرضی سے چیکنگ پوائنٹ تبدیل کیا اور موجود نہیں تھے— فوٹو: فائل

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) و کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے شہر کے دورے کے دوران اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) شاہراہ فیصل کو معطل کردیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے جنرل ہولڈاپ کا حکم دینے کے بعد ضلع شرقی اور جنوبی کے اسنیپ چیکنگ پوائنٹس اور تھانوں کا اچانک دورہ کیا۔

انہوں نے تھانہ بہادرآباد کے اسنیپ چیکنگ پوائنٹ مین شاہراہ فیصل نزد لال قلعہ ریسٹورنٹ پر چیکنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا اور افسران کو مزید ہدایات جاری کیں۔

بعدازاں تھانہ شاہراہ فیصل کے اسنیپ چیکنگ پوائنٹ چیک کرتے ہوئے تھانہ شاہراہ فیصل پہنچے۔ تھانے کی صفائی اور لاکپ کی صفائی پر تشویش کا اظہار کیا۔

کراچی پولیس چیف نے تھانہ شاہراہ فیصل کے چیکنگ پوائنٹ کو پولیس کنٹرول پر نہ بتانے اور اسنیپ چیکنگ SOP پر عمل نہ کرنے پر ایس ایچ او شاہراہ فیصل کو معطل کر دیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ضلع جنوبی کے تھانہ ڈیفنس کے چیکنگ پوائنٹ پہنچے تو ایڈیشنل ایس ایچ او کو چیکنگ پوائنٹ پر ہوشیار حالت میں نہ پا کر ان کی سرزنش کی اور ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت نفری کی دو سال کی سروس کٹوتی کا حکم صادر کیا۔

کراچی پولیس چیف نے تھانہ درخشاں کے ڈیوٹی آفس روم، ہیڈ محرر دفتر اور لاکپ کا وزٹ کیا۔ صفائی اور بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

حکام کے مطابق کراچی پولیس لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے اور اسٹریٹ کرائم کے خلاف اسنیپ چیکنگ کی حکمت عملی پر سختی سے عمل کروا رہی ہے۔ ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں :