13 دسمبر ، 2012
کراچی … کراچی میں رات گئے موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔ کراچی میں بارش کا سلسلہ رات 3 بجے کے بعد شروع ہوا۔ گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، کورنگی ، ملیر کینٹ، ایئرپورٹ، آئی آئی چندریگر روڈ، نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، تیز ہواوٴں کے ساتھ بادل گرجنے کے باعث شدید دھماکے بھی سنے گئے۔ عائشہ منزل، ڈیفنس، کلفٹن، حسن اسکوائر، یونیورسٹی روڈ، گارڈن رنچھوڑ لائن، لیاری اور اطراف میں بھی شدید بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا جبکہ کسی طرح کی پیشگی اطلاع نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید بارش سے نرسی، شارع فیصل، کارس ساز اور اطراف کے علاقے بھی متاثر ہیں۔ بارش کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی، بارش کے ساتھ ہی موسم سرد ہوگیا۔ کراچی سے متصل بلوچستان کے شہر حب اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقوں میران شاہ، رزمک، شوال اور لواڑہ منڈی کے پہاڑوں پر برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔