Time 26 جنوری ، 2023
پاکستان

غلام محمود ڈوگر کی جے آئی ٹی نے عمران خان پر حملےکا چالان عدالت میں جمع کرا دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) غلام محمود ڈوگرکی سربراہی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے عمران خان پر قاتلانہ حملےکا چالان عدالت میں جمع کرا دیا۔

 پولیس ذرائع کے مطابق گوجرنوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرائےگئے عمران خان پر قاتلانہ حملےکے چالان میں لکھا گیا ہےکہ نویدکی فائرنگ سے عمران خان اور ان کے ساتھی زخمی جب کہ ایک شخص ہلاک ہوگیا، ملزم کی فائرنگ سے دہشت  پھیل گئی اور لوگو ں میں خوف وہراس پیدا ہوا، چالان جے آئی ٹی کے ممبر انور شاہ نے جمع کرایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسیکیوٹر رانا سلطان، طارق اور حافظ اصغر کو تفتیش کے قانونی معاملات دیکھنے کے لیے لگایا گیا تھا لیکن ان تینوں نے چالان جمع کرانے سے انکار کیا۔

چالان میں تھانے میں ملزم کی ویڈیو بنانے والے اہلکاروں پر دفعہ 155 سی بھی لگائی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ یہ چالان پراسیکیوٹر جنرل خلیق الزمان کے دباؤ پر جمع کرایا گیا ہے جب کہ وفاق 3 روز قبل نئی جے آئی ٹی بھی بنا چکا ہے جس کا کنوینر آئی جی راؤ سردار کو بنایا گیا ہے جب کہ ملزم نوید ریمانڈ پورا کرکے جیل جا چکا ہے۔

نئی جے آئی ٹی کو تحریک انصاف نے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے، یاسمین راشد کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہےکہ وفاقی حکومت کا دوسری جے آئی ٹی بنانا بدنیتی اور غیر قانونی ہے، 22 جنوری کو بنائی گئی جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے اور  درخواست پر فیصلے تک وفاق کی تشکیل کردہ جے آئی ٹی کو تحقیقات سے بھی روکا جائے۔

مزید خبریں :