کمشنر کراچی مراتھن میں شہریوں کا جوش و خروش، 40 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

کلفٹن سی ویو نشان پاکستان پر اتوار کو منعقد ہونے والی کمشنر کراچی میراتھن ریسز میں 40 ہزار شہریوں نے شرکت کی، محمد اختر نے انڈر 30 ،یاسر گل نے30 سال سے زیادہ جبکہ 50 سال سے زیادہ کیٹیگری میں جاپانی شہری نے پہلا انعام حاصل کیا ۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے ٹھیک صبح 10 بجے ریس کا افتتاح کیا۔

کراچی میں ہونے والی چوتھی مراتھن اس اعتبار سے اہم ثابت ہوئی کہ اس میں بڑی تعداد میں کراچی میں مقیم غیر ملکی شہریوں نے شرکت کی اور انعامات حاصل کیے،اس طرح چوتھی کمشنر کراچی میراتھن نے انٹرنیشنل مراتھن کی حیثیت اختیار کرلی۔

میراتھن میں مجموعی طور پرمرد و خواتین کی دو مختلف کیٹیگریز اور ایک اسپیشل ویٹرن کیٹیگری میں 34 انعامات دیے گئے، جن میں 7 انعاما ت غیر ملکی شرکا نے حاصل کیے، چار کا تعلق جاپان سے ،ایک کا جنوبی افریقا اور ایک کا روس سے تھا ۔

فن ریس میں بچوں خواتین اور خصوصی افراد نے حصہ لیا، تمام کامیاب شرکا میں نقد انعامات دیے گئے۔ میراتھن میں کم وبیش 40 ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر ممتاز شہری طلبہ ،مختلف ملکوں کے سفارتی نمائندے بھی موجو دتھے۔ 

مردوں کی 12 کلومیٹر انڈر 30کی دوڑ میں محمد اختر نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے 50 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا—فوٹو: رپورٹر
مردوں کی 12 کلومیٹر انڈر 30کی دوڑ میں محمد اختر نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے 50 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا—فوٹو: رپورٹر

مردوں کی 12 کلومیٹر انڈر 30کی دوڑ میں محمد اختر نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے 50 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا، علی حسن نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے 30 ہزار روپے کا انعام پایا جبکہ تیسرے نمبر پر رہنے والے محمد سجاد نے 20 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔ 

اسپیشل ویٹرن کیٹیگری میں پہلا انعام طاہر صدیقی نے حاصل کیا ،طاہر صدیقی نے اب تک ہونے والی تمام چاروں مراتھن میں شر کت کی۔ انہوں نے بارہ کلومیٹر کی مراتھون ایک گھنٹہ پانچ منٹ میں مکمل کر کے ویٹرن کیٹیگری کا پہلا50 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔

مراتھن کو کراچی کا سالانہ کیلنڈر کا اہم ترین اور مشہور ایونٹ بن چکا ہے ۔ا س میں شرکت کے لیے علی الصبح سیکٹروں شہری ساحل سمندر پہنچ گئے تھے۔

صوبائی مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے چوتھی کمشنر کراچی مراتھن کے انعقاد کو سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ مراتھن میں شہریوں نے زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیا، چالیس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ مراتھن میں شہریوں کا جوش و خروش اور کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے شہری امن پسند ہیں اور وہ شہر میں مثبت سرگرمیاں چاہتے ہیں۔

قبل ازیں چیف سیکرٹری ڈاکٹر سہیل راجپوت نے مراتھن کی کامیابی سے انعقاد پر کراچی انتظامیہ کی تعریف کی اور کہا کہ مراتھن کا انعقاد صحت مند اور مثبت تفریح ہے اس سے کراچی کا مثبت امیج نمایاں ہوا ہے، اس سے دنیا میں اچھا امیج قائم ہوگا بیرون ملک تاجر متوجہ ہوں گے کراچی انتظاامیہ اس قسم کی سرگرمیاں جاری کھے۔

نیشنل بینک کے صدر رحمت اللہ حسنی نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان نے مراتھن کا انعقاد میں تعاون کیا ہے اور یہ تعاون کی ترقی اور بہتری کے لیے آئندہ بھی جاری رہے گا۔

مزید خبریں :