Time 10 فروری ، 2023
پاکستان

لاہور میں تین روزہ ادبی میلہ ’پاکستان لٹریچر فیسٹیول‘ شروع ہو گیا

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

لاہور میں  تین روزہ ادبی میلہ ’پاکستان لٹریچر فیسٹیول‘ شروع ہوگیا، فیسٹیول کا آغاز امجد اسلام امجد کیلئے فاتحہ خوانی سے ہوا،  پہلا سیشن معروف شاعر امجد اسلام امجد کے سوگ میں ڈوب کر  تعزیتی ریفرنس کی حیثیت اختیار کرگیا۔

الحمرا آرٹ کونسل میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے پہلے سیشن میں نامور شاعر امجد اسلام امجد کو بھی شریک ہونا تھا تاہم ان کے انتقال کے بعد فیسٹیول کے افتتاحی سیشن میں ان کی تصویر کے ساتھ ان کی کرسی خالی رکھی گئی۔

نامور شاعر اسلام امجد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شرکا کا کہنا تھا کہ منو بھائی کے بعد امجد اسلام امجد بھی چلے گئے، لاہورغریب ہوتا جا رہا ہے، وہ ہمارے دلوں میں بستے ہیں، امجد اسلام امجد نے مکہ میں اپنے دشمنوں کو معاف کرنے کی دعائیں مانگی۔

لٹریری فیسٹیول کے دوران مختلف سیشنز میں بات کرتے ہوئے شرکا کا کہنا تھا کہ ہم ثقافتی اکائیوں کو جوڑنا چاہتے ہیں، ثقافتی اکائیوں سے وفاق مضبوط ہوسکتا ہے، میڈیا پرغیر اعلانیہ سنسرشپ چل رہی ہے، فیسٹیول میں ترکیہ اور شام میں ہونے والے جانی نقصان پر بھی اظہار افسوس کیا گیا۔

لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں منعقدہ تین روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے پہلے روز کے افتتاحی سیشن میں وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار شاہ، صدر آرٹس کونسل پاکستان کراچی احمد شاہ، سینیئر صحافی اور اینکرپرسن حامد میر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

فیسٹیول کے پہلے روز ہونے والے مختلف سیشنز میں دانشور اور ادیب انور مقصود، افتخار عارف، کشور ناہید،  جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود، فتح محمد ملک اور تحسین فراقی سمیت دیگر  ادیب، دانشور، صحافی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پہلے روز کا آخری سیشن اداکار سہیل احمد کے ساتھ ہوا۔

مزید خبریں :