16 دسمبر ، 2012
اسلام آباد … ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، کپتان قومی ٹیم ذیشان عباسی کا کہنا ہے کہ ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی، بدقسمتی سے فائنل میں بھارت کے خلاف ہار گئے، ورلڈ کپ نہ لانے پر قوم سے معذرت چاہتا ہوں۔ بھارت میں ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد قومی وطن واپس پہنچ گئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کا کہنا ہے کہ میری ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی، کوئی بھی ٹیم ان کے سامنے جم کر نہ کھیل سکی، میں قوم سے معذرت کرتا ہوں کہ ان کیلئے ورلڈ کپ جیت کر نہ لاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جو محلول مجھے پلایا گیا وہ فینائل نہیں شیشہ صاف کرنے والا محلول تھا، ہوٹل انتظامیہ نے اس کی ذمے داری قبول کرلی تھی، مجھے الٹی ہوگئی جس کے باعث طبیعت زیادہ خراب نہیں ہوئی۔ ذیشان عباسی کا کہنا ہے کہ میری غیر موجودگی میں نا ئب کپتان نے ٹیم کو اچھا کھلایا، بدقسمتی سے ہم فائنل میں بھارت کے خلاف ہار گئے۔ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ نفیس احمد نے اس موقع پر کہا کہ میں ٹیم کی کارکردگی سے مکمل مطمئن ہوں،ہم نے 10 میچ کھیلے، 9 میچ جیتے۔ ان کا کہنا ہے کہ فائنل میں 2 اوور مہنگے پڑے جنہیں ہم کور نہ کرسکے۔