22 مارچ ، 2025
نیوزی لینڈ کی جانب سے دنیا کے سب سے بدصورت جانور کو سال کی بہترین مچھلی قرار دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس مچھلی کا نام بلاب ہے جو آسٹریلیا کی ریاست تسمانیا اور نیوزی لینڈ کے گہرے سمندروں میں پائی جاتی ہے، یہ مچھلی 12 انچ لمبی ہوتی ہے۔
اس کی لٹکی اور چمکیلی جلد کی وجہ سے بدصورت جانوروں کے تحفظ کی سوسائٹی کی جانب سے اسے دنیا کا بدصورت جانور قرار دیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دی ماؤنٹین ٹو سی کنزرویشن ٹرسٹ کی جانب سے ایک مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں مچھلی نے 5 ہزار 500 سے زائد ووٹوں میں سے تقریباً 1300 ووٹ حاصل کرکے سال کی بہترین مچھلی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اس مقابلے میں نارنجی رنگ کی بدصورت اور خطرناک مچھلی بھی سرفہرست رہی لیکن بلاب مچھلی نے اسے 300 ووٹوں سے شکست دے دی۔
اس مقابلے کا مقصد نیوزی لینڈ کے گہرے پانیوں اور میٹھے پانی میں پائے جانے والی آبی مخلوقات کے حوالے شعور پیدا کرنا تھا۔