15 فروری ، 2023
کثیر القومی امن مشق 2023 کے آخری روز وزیراعظم میاں شہباز شریف نے گہرے سمندر میں پاک بحریہ اور دیگر ممالک کے بحری جنگی جہازوں کی مشقوں اور فلیٹس کا جائزہ لیا۔
امن مشق 2023 کے آخری روز وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کابینہ ارکان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کے ہمراہ کھلے سمندرمیں بحری مشقوں اور فلیٹس کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مشقوں کا مقصد امن کیلئے ہر طرح کے حالات اور ماحول میں ہمہ وقت تیار رہنا بھی ہے۔
امن مشق 2023 کے آخری روز ملکی اور غیرملکی بحری جنگی جہازوں اور ائیر فلیٹس نے کھلے سمندر میں مشقیں کیں، مشق کے دوران جہازوں میں ری فیولنگ کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ پاک بحریہ کے جوانوں نے سی کنگ ہیلی کاپٹر اور اسپیڈ بوٹس سے اسپیشل فورس کے ذریعے بحری قذاقوں کے خلاف آپریشن کی مشق کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی نیوی، چین اور انڈونیشیا کے جنگی بحری جہازوں نے کھلے سمندر میں ہیوی گن فائرنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ پاک بحریہ نے راکٹ فائرنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔
امن مشق کے دوران جے ایف 17 تھنڈر، پی تھری سی اورین، اے ٹی آر طیاروں، سی کنگ ہیلی کاپٹرز اور زولو ہیلی کاپٹرز نے فلائی پاسٹ کیا۔
پاکستان نیوی زیر اہتمام 8 ویں پانچ روزہ کثیرالملکی امن مشق میں پچاس ممالک نے شرکت کی، اختتامی روز کھلے سمندر میں مشق کے دوران انڈونیشیا، امریکہ، اٹلی، سری لنکا، جاپان ،چین اور ملائشیا کے جہازوں اور میزائل بوٹس نے بھی حصہ لیا۔