16 فروری ، 2023
راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں چیتا گھس آیا جس نے ایک شخص کو زخمی کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 2 کے ایک زیرتعمیرگھر میں چیتا گھسا جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پھرتیلے تیندوے نے کئی گھنٹوں تک وائلڈ لائف کے عملے کی دوڑیں لگوائی رکھیں۔ اس دوران تیندوے نے ڈی ایچ اے کے گارڈ کے علاوہ محکمہ وائلڈ لائف کے دو اہلکاروں کو بھی زخمی کیا۔ تیندوا خود کو پکڑنے کیلئے لگائے گئے دو جال بھی پھاڑ چکا تھا۔
وائلڈ لائف عملے نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد تیندوے کو قابو کیا، تیندوے کو ایک گھر کے بیسمنٹ میں بند کر کے بے ہوشی کا انجکشن دیا گیا اور تیندوے کو بے ہوش ہونے پر پنجرے میں منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تیندوا نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک رہائشی کا پالتو ہے، مالک کے ملازم سے پنجرا کھلا رہنے کے باعث تیندوا بھاگ نکلا تھا۔
محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ تیندوے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے، اہلکاروں کو دوران ریسکیو معمولی زخم آئے، تیندوے کو طبی معائنے کے بعد مسکن میں آزاد کر دیا جائے گا، تیندوے کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں موجودگی کی تحقیقات کی جائیں گی۔