20 فروری ، 2023
سندھ پولیس کی جانب سے سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گمشدگی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا گیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور دیگرکی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
آئی جی سندھ کی جانب سے رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں پیش کی گئی، سندھ پولیس کا کہنا ہےکہ محمد خان بھٹی اور ان کےساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، محمد خان بھٹی سندھ کے کسی بھی تھانے میں زیر حراست نہیں ہیں۔
وفاقی حکومت اور رینجرز پراسیکیوٹر نے جواب جمع کرانے کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔
عدالت نے وفاقی حکومت سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔
ایان میمن ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ سندھ پولیس کو محمد خان بھٹی کو تلاش کرنےکا پابند کیاجائے۔
درخواست محمد خان بھٹی کے داماد عمر افتخار بھٹی ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ محمد خان بھٹی 6 فروری کو مٹیاری کےقریب سے غائب ہوئے، اندیشہ ہے کہ محمد خان بھٹی کو حکومت کے اداروں نےگرفتار کیا ہے، محمد خان بھٹی پر تشدد کا اندیشہ ہے، عدالت میں فوری پیش کرنےکا حکم دیا جائے۔