24 فروری ، 2023
راولپنڈی میں دن بھربسنت جاری رہی، شہر میں مختلف حادثات اور واقعات میں بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
راولپنڈی کے سٹی زون میں جمعرات کی رات سے جمعہ کی شام مغرب تک غیر قانونی بسنت دھوم دھام سے جاری رہی۔
پولیس اور انتظامیہ کی موجودگی سے بے فکر نوجوانوں نے دن بھر مری روڈ کے اطراف بھرپور پتنگیں اڑائی اور ہوائی فائرنگ کی، پتنگوں کے سائے میں پولیس کھڑی پی ٹی آئی ورکرز کو خود سے گرفتاریاں دیتے دیکھتی رہی اور ہوائی فائرنگ کی آوازوں پر کان نہ دھرنے کے مشن پر ڈٹی رہی۔
پولیس کے مطابق ڈھوک کھبہ کے علاقے میں فائرنگ سے نوجوان ارحم اور موہن پورہ میں میں بچی جاں بحق ہوئی، نوجوان وقاص گلے پر ڈور پھرنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ڈور پھرنے سے 17 اور ہوائی فائرنگ سے 9 افراد زخمی ہوئے جن میں 2 پولیس اہلکاربھی شامل ہیں، اس کے علاوہ چھتوں سے گرنے کے بھی متعدد واقعات پیش آئے اور دن بھر 40 سے زائد شہری زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی آپریشن اور سی پی او راولپنڈی گزشتہ رات سے ہی چھاپے مارتے رہے، متعدد تھانوں کی حدود میں پتنگ بازوں کو گرفتار کیا اور ایک سو سے زائد مقدمات کا اندراج بھی کیا۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پابندی کے باوجود پتنگ بازی اور فائرنگ کے واقعات پر برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
راولپنڈی پولیس نے بسنت پرناقص کارکردگی دکھانے پر 5 متعلقہ افسران کومعطل کردیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ معطل افسران میں دو ڈی ایس پی اور تین ایس ایچ او شامل ہیں۔