25 فروری ، 2023
اینٹی کرپشن پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا اور پی ٹی آئی دور کے ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ بھی پنجاب بھر کے کمشنرز سے مانگ لیا گیا ہے جبکہ فرخ گوگی کے کیس کو ایف آئی اے بھجوایا جائے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا تھاکہ فرخ گوگی کے خلاف درج تمام مقدمات کی نئے سرے سے انکوائری کا آغاز کردیاگیا، اس کے علاوہ شیخ رشید کے خلاف انکوائری کو بھی ری اوپن کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے رنگ روڈ اسکینڈل میں سڑک کا رُخ اپنی زمین کی طرف کرایاتھا اور اس طرح اپنی زمین کی قیمت بڑھائی تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ فرح گوگی نے اثر و رسوخ سے زرعی زمین سستے داموں فروخت کرائی تھی، ان کا کیس ایف آئی اے کو بھی بھجوایا جائے گا۔
سہیل ظفر نے بتایا کہ پنجاب بھر کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے اور دیکھاجا رہا ہے عثمان بزدار، پرویز الٰہی نے کتنی ہاؤسنگ سوسائیٹیز کو ریلیف دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں ترقیاتی کاموں کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا، اس کے علاوہ پی ٹی آئی دور کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں اور پی ٹی آئی حکومت کے سینیئر افسران کو انکوائری میں ریکارڈ سمیت بُلا لیا گیا جو افسر اینٹی کرپشن سے تعاون نہیں کرتا اسے گرفتار کیا جائے گا۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے بتایا کہ رنگ روڈ اسکینڈل کی فائل بھی دوبارہ انکوائری کیلئے اوپن کر دی گئی ہے، انکوائریاں اور گرفتاریاں آئندہ ہفتے شروع کی جا سکتی ہیں، محمود الرشید، راجہ بشارت، مراد راس، یاسمین راشد اور دیگر وزرا کے محکموں کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے سے کرپشن میں ملوث افسران اور سابق وزرا کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔