03 مارچ ، 2023
پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں نے ریاست اور قانون کی رٹ کو چیلنج کردیا۔
شہر میں چھوٹو گینگ کے خاتمے کے بعد کچے میں 8 خطرناک گینگز متحرک ہیں لیکن ڈاکوؤں کے آگے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی بے بس نظر آنے لگے ہیں۔
رحیم یار خان، چنیوٹ، اوکاڑہ، جہلم، جھنڈ، سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا سے اغوا کیے گئے 9 ڈھولچیوں سمیت 13 مغوی ڈاکوؤں کے پاس یرغمال ہیں، ڈاکو مغویوں کو زنجیروں میں جکڑ کر تشدد کی ویڈیو ورثاکو بھیج کر بھاری تاوان طلب کرتے ہیں۔
ڈاکوؤں کی معصوم شہریوں کو اغواکرکے درجنوں ویڈیوز اور تاوان طلب کرنے کی کالز سامنے آگئی ہیں لیکن اس کے باوجود پولیس اغوا کاروں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس کہیں حدود کا معاملہ تو کہیں جدید اسلحہ کی کمی کا مسئلہ ہے جس کے پیش نظر اغوا کار پنجاب سندھ اور بلوچستان کی پولیس کیلئے درد سر بن گئے ہیں۔