06 مارچ ، 2023
کراچی گیمز 2023 میں کھیلے گئے ہاکی مقابلوں میں ضلع کیماڑی کی ٹیم نے ضلع کورنگی کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔
کیماڑی کی طرف سے آٹھویں منٹ میں علی اقبال نے جبکہ 30 ویں اور 32 ویں منٹ میں بالترتیب میثم عباس اور عبدالرحمٰن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
کورنگی کی طرف واحد گول 14ویں منٹ میں دائم نے اسکور کیا۔
دوسرا میچ ضلع غربی اور ضلع شرقی کے درمیان کھیلا گیا جو مقررہ وقت میں تین تین گول سے برابر رہا، میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں ضلع غربی نے 6 کے مقابلے میں 7 گول کرکے کامیابی حاصل کی۔
ضلع غربی کی طرف سے فہیم نے 2 اور اذلان خان نے ایک گول اسکور کیا جبکہ ضلع شرقی کی جانب سے احمد علی، نعمان خان اور معاذ آفریدی نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ضلع غربی کی جانب سے اذلان خان، ریان الرحمٰن، ارباز ایاز اور فہیم خان نے گول کیے جبکہ ضلع شرقی کی طرف سے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر سید محمد علی، نعمان خان اور محمد دانیال گول کرنے میں کامیاب ہوئے، ضلع غربی کے کھلاڑی حسنین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تیسرے میچ میں ضلع ملیر کی ٹیم نے ضلع جنوبی کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔
خواتین ہاکی مقابلوں میں پہلے میچ میں ضلع شرقی اور غربی کی ٹیم نے ضلع کورنگی اور ملیر کی ہاکی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کی طرف سے دعا خان نے 3 گول اسکور کیے جبکہ سحرش صابر، فاطمہ زہرا اور عائشہ محمود نے ایک ایک گول کیا، اقراء اقبال کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
خواتین ہاکی کے دوسرے میچ میں ضلع جنوبی اور کیماڑی کی ٹیم نے ضلع وسطی کی ٹیم کو 0-2 سے ہرایا، ضلع جنوبی اور کیماڑی کی جانب سے کنزہ ناصر اور ثوائبہ علی نے گول کیے، منتہا بھٹی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیائے ہاکی پر طویل عرصے تک راج کیا اور عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا، پاکستان میں ہاکی کا ٹیلنٹ کم نہیں اور اب بھی اگر محنت کی جائے تو ہم ہاکی کے میدان میں دوبارہ اپنا کھویا ہوا اعزاز حاصل کرسکتے ہیں۔
کراچی گیمز 2023 کے سلسلے میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اسٹیڈیم گلشن اقبال میں منعقدہ میچز میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں سے ملاقات اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی گیمز کا مقصد ان کھیلوں میں پاکستان کا سنہرا دور واپس لانا ہے جن پر توجہ کم ہوگئی ہے اور لوگوں نے دلچسپی لینا چھوڑ دی ہے۔