11 مارچ ، 2023
شہر قائد میں ہفتے کے روز سورج کےگردہالابن گیا جس کے مناظر سوشل میڈیا پر بھی زیر گردش ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ سورج کےگرد ہالا موسم میں آنے والی تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے،سورج کےگرد رنگین دائرےکو'سن ہالو'کہا جاتا ہے۔
سن ہالو ماحول میں موجودبرف کی کرسٹل سے روشنی گزرنے سے بنتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے، چند ہفتے کراچی میں موسم بہتر رہے گا۔
جواد میمن کے مطابق سندھ میں بیشترمقامات پرچند دنوں میں موسم خشک اور گرم رہنےکا امکان ہے، سندھ میں درجہ حرارت37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتاہے۔
اس کے علاوہ ملک کےبیشترمقامات پرمارچ،اپریل ،مئی میں معمول سے زائد درجہ حرارت رہنےکا امکان ہے۔ مارچ اور اپریل میں مغربی ہواؤں کے2،2 سسٹمز ملک پراثر انداز ہوسکتےہیں، ملک میں مغربی ہواؤں کے سسٹمز آنےسے پہلے درجہ حرارت زیادہ رہے گا۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق سسٹمز کے باعث بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، مارچ میں غیر معمولی بارشوں کی بھی پیشگوئی ہے، 12 مارچ کی شام یا رات مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
جواد میمن نے بتایا کہ14 یا 15 مارچ تک مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک پر اثر انداز رہے گا،خیبرپختونخوا،وسطی وبالائی پنجاب ،بلوچستان میں بارشوں کا امکان ہے، اس سسٹم کے باعث ملک کے80 سے 90 فیصد علاقوں بارشوں کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹمز کو بحیرہ عرب سے ملنے والی نمی سپورٹ کرے گی،جب کہ رمضان کے پہلے اور دوسرے عشرے ملک میں موسم بہتر رہے گا۔