Time 16 فروری ، 2023
پاکستان

کراچی میں شدید دھند کس وجہ سے تھی؟ ماہر موسمیات نے وجہ بتادی

گزشتہ روز کراچی میں شدید دھند دیکھی گئی جس کی متعدد ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں لیکن شہر میں اس دھند کی وجہ کیا تھی؟

جیو ویب نے ماہرموسمیات جواد میمن سے اس حوالے سے گفتگو کی جس میں انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ایک، دو دن سے ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہے، 95 سے 96 فیصد تک ہوا میں نمی کا تناسب ریکارڈ کیا گیا جب کہ شہر میں چلنے والی ہوا کی رفتار بھی 3 سے 4 کلو میٹر تھی۔ 

جواد میمن کے مطابق  جب ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہو اور ہوا کی رفتار کم ہو تو دھند بن جاتی ہے جس سے حدنگاہ بھی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ عمل اس لیے بھی ہوتا ہے کیوں کہ موسم تبدیل ہو رہا ہے اور سردی سے اب گرمیوں کا موسم شروع ہورہا ہے جس کے باعث بھی دھند بنتی ہے۔

جواد میمن کا کہنا تھا کہ آنے والے چند دن میں دھند کم ہوجائے گی کیونکہ درجہ حرارت میں اضافہ اور ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوجائے گا البتہ آئندہ دنوں میں ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ 

مزید خبریں :