11 مارچ ، 2023
آئی جی پنجاب عثمان انور نے پاکستان تحریک انصاف کے مقتول کارکن علی بلال عرف ظلِ شاہ کے گھر جا کر ورثا سے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کی۔
آئی جی پنجاب نے مقتول ظلِ شاہ کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور نگران وزیرا علیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ورثا کو واقعے کی تفتیش سے آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور آئی جی پنجاب عثمان انور نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ظلِ شاہ کی موت گاڑی کی ٹکر سے ہوئی اور ظلِ شاہ کو پی ٹی آئی کارکن اسپتال لایا، جس نے واقعے کی اطلاع یاسمین راشد کو دی اور پھر یاسمین راشد نے انہیں زمان پارک جانے کا کہا جہاں ظلِ شاہ کے قتل پر سیاست کی سازش تیار ہوئی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کی پریس کانفرنس کو ظلِ شاہ کے قتل کو کور اپ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے جج سے واقعے کی جوڈیشل تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔