Time 12 مارچ ، 2023
پاکستان

شارع فیصل کراچی میں عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

فوٹو: قمر علی مستوئی
فوٹو: قمر علی مستوئی

کراچی کی شارع فیصل پر نرسری کے قریب 16 منزلہ عمارت میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، گورنر سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

حکام کے مطابق عمارت کی آگ پر 12 سے زائد فائر ٹینڈر ، 2 اسنارکل، 2 واٹرباؤزر اور متعدد واٹر ٹینکرز کی مدد سے قابو پایا گیا جبکہ واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

’پورٹ وے ٹریڈ سینٹر‘ نامی 16 منزلہ عمارت  پر لگی آگ کے شعلے دور دور سے دیکھے گئے۔

فائر بریگیڈ حکام نے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا، آگ پر قابو پانے کیلئے شہر بھر سے فائر ٹینڈر طلب کیے گئے۔

چیف فائر آفیسر اشتیاق احمد کے مطابق کمرشل عمارت میں زیادہ تر  دفاتر  قائم تھے، انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ عمارت پر لگے پینافلیکس میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی جو عمارت تک پھیل گئی۔

گورنر سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ آگ حادثہ ہے یا سازش تحقیقات کرنا ہوں گی۔

اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد کرا چی عمیمہ سولنگی نے کہا کہ عمارت خالی تھی جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا، غیر قانونی سائن بورڈز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ آگ رات ایک بجکر 10منٹ پر لگی تھی اور اور آگ کی اطلاع ملتے ہی ایک فائر ٹینڈر کو موقع پرروانہ کیا گیا تھا تاہم آگ میں شدت ہونے کے باعث تیسرے درجہ کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈر طلب کرلیے گئے تھے۔

فائر بریگیڈ کے ساتھ پاک نیوی کے فائر ٹینڈر ز نے بھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

دوسری جانب شارع فیصل سے ائیر پورٹ جانے والے ٹریک پر کچھ دیر کیلئے ٹریفک بند کیا گیا تھا تاہم آگ پر قابو پانے کے بعد ٹریک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

پولیس اور رینجرز کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی تھی، حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ عمارت سے متصل ایک پیٹرول پمپ بھی بند کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :