16 مارچ ، 2023
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں خواجہ سرا اور سوشل ایکٹیوسٹ شہزادی رائے کو ہراساں کرنےکا مقدمہ درج کرلیا گیا، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا بھی نوٹس ، مکمل تحفظ فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں ایک اور خواجہ سرا کو ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آگیا ہے، گلستان جوہر میں خواجہ سرا شہزادی رائے کو ہراساں کرنے کا مقدمہ تھانہ شاہراہ فیصل میں درج کرلیا گیا ہے جس میں جان سے مارنے ، ہراساں کرنے اور گھر میں زبردستی گھسنے کی دفعات شامل ہیں۔
شہزادی رائے کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے گھر کے اندر گھسنے کی کوشش کی اور دروازے پر لاتیں ماریں۔
شہزادی رائے کے مطابق جنونی شخص نشے میں تھا جس کے ہاتھ میں ایک بوتل بھی تھی، وہ پہلے بھی گھر آیا تھا اور دوستی کرنے پر مصر تھا۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور تفصیلات حاصل کیں۔