دنیا
Time 24 مارچ ، 2023

فرانس میں بدترین مظاہرے، برطانوی شاہ چارلس کا سرکاری دورہ ملتوی

برطانوی حکام کے مطابق شاہ چارلس نے اتوار سے فرانس کا تین روزہ دورہ کرنا تھا— فوٹو: فائل
برطانوی حکام کے مطابق شاہ چارلس نے اتوار سے فرانس کا تین روزہ دورہ کرنا تھا— فوٹو: فائل 

فرانس میں متنازع پنشن اصلاحات کیخلاف ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں شدت آگئی ہے جس کے بعد برطانوی شاہ چارلس سوئم کا سرکاری دورہ ملتوی کردیا گیا ہے۔

برطانوی حکام کے مطابق شاہ چارلس نے اتوار سے فرانس کا تین روزہ دورہ کرنا تھا لیکن فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے خود دورہ ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ ‘دورے کے دوران مظاہروں کی کال کے بعد بھی اس دورے کو ہونے دینا غیر سنجیدگی اور عقل سے عاری اقدام ہوگا۔‘

برطانوی بادشاہ اور ان کی اہلیہ کوئن کنسورٹ کمیلا نے دورے کے دوران پیرس اور بورڈو جانا تھا لیکن مظاہرین نے ان دو شہروں میں احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔

برطانوی شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ چارلس فرانس کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں اور جیسے ہی کوئی تاریخ طے ہوتی ہے اس حوالے سے آگاہ کردیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ فرانس میں یونین فرنٹ اصلاحات کو واپس لینے کا مطالبہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

پنشن اصلاحات میں ریٹائرمنٹ کی عمر 62 سال سے بڑھا کر 64 سال کردی گئی ہے جس کے خلاف یونینز سراپا احتجاج ہیں۔

مزید خبریں :