Time 02 اپریل ، 2023
دنیا

یورپ کی ائیرلائنز کے طیارے میں چار دن میں دوسری بار ایمرجنسی صورتحال

پیرس سے کوپن ہیگن کیلئے اڑان بھرنے کے 50 منٹ بعد طیارے کو پیرس ائیرپورٹ پر ہنگامی طور پر واپس اتار لیا گیا— فوٹو: فائل
پیرس سے کوپن ہیگن کیلئے اڑان بھرنے کے 50 منٹ بعد طیارے کو پیرس ائیرپورٹ پر ہنگامی طور پر واپس اتار لیا گیا— فوٹو: فائل

ایس اے ایس  ائیرلائنز کے طیارے میں چار دن کے اندر  دوسری بار ایمرجنسی صورتحال پیدا ہوگئی، طیارے کو ہنگامی طور پر لینڈ کروا دیا گیا۔

ایس اے ایس کے نام سے مشہور ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کی مشترکہ ہوائی کمپنی اسکینڈی نیوین ائیر لائنز کے ایک ہی مسافر طیارے میں 4 روز کے دوران دوسری مرتبہ ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔

ایس اے ایس ائیر کے ایس کے 1560 ایمبر طیارے کی پرواز نے ہفتہ کے روز مقررہ وقت سے دو گھنٹے کی تاخیر سے پیرس سے کوپن ہیگن کیلئے اڑان بھری،  اڑان بھرنے کے 50 منٹ بعد طیارے کو پیرس ائیرپورٹ پر ہنگامی طور پر واپس اتار لیا گیا۔

فلائٹ ریڈار کی رپورٹ کے مطابق چارلس ڈی گال ائیرپورٹ پیرس سے اڑان بھرنے کے 20 منٹ بعد طیارہ 25 ہزار فٹ کی بلندی سے اچانک نیچے 10 ہزار فٹ کی بلندی پر آ گیا اور ریڈار کو طیارے سے ہنگامی صورتحال کے سگنل موصول ہوئے۔

ائیر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پائلٹ نے واپسی کی راہ لی اور ٹیک آف کے 50 منٹ بعد پرواز واپس پیرس اتر گئی۔

ایوی ایشن رپورٹس کے مطابق 27 مارچ کو  رجسٹریشن ایس ای آر ایس این (SE-RSN) کے اسی طیارے میں ڈنمارک کے شہر آرہس سے کوپن ہیگن کی پرواز کے دوران بھی ایسی ہی ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی تھی، جس پر پرواز کو ٹیک آف کرنے کے بعد دوبارہ واپس اتارلیا گیا تھا۔

مزید خبریں :