05 اپریل ، 2023
سابق میئر کراچی وسیم اختر کے گھر ڈیفنس فیز 6 میں 9 مارچ کو چوری کی بڑی واردات میں ملوث سابق پولیس افسر کو بیٹے اور بہو سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی میں سابق میئر وسیم اختر کے ڈیفنس فیز 6 کے گھر میں 9 مارچ کو ہونے والی چوری کی واردات کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کرایا گیا، پانچ کروڑ مالیت سے زائد کی چوری کے وقت سابق میئر اور اہلخانہ گھر پر نہیں تھے، گھر پر سابق میئر کی ساس موجود تھیں۔
مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ وسیم اختر کی ساس درشہوار نے ڈرائیور طفیل کو چوری کی اطلاع دی، درشہوار نے بتایا کہ سامان اور گھریلو ملازم دنیش گھر سے غائب ہے، پولیس نے گھریلو ملازم دنیش کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق بنگلے سے 34 تولہ سونے کی 18 چوڑیاں اور دو ٹاپس چوری ہوئے، ایک ڈائمنڈ کا سیٹ چوری ہوا اور ڈائمنڈ کی 3 انگوٹھیاں غائب ہوئیں جس میں ایک 60 لاکھ مالیت کی تھی جبکہ ملزمان پرس سے ایک لاکھ روپے نقد بھی لے گئے۔
دوسری جانب تفتیشی ٹیم چوری شدہ مال کی برآمدگی کے لیے اندرون سندھ پہنچی تو پولیس کو پتا چلا کہ ملزمان نے چوری شدہ سونا بیچ کر گاڑی خریدلی تھی۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ چوری میں ملوث سابق پولیس افسر عطا اللّہ، اس کا بیٹا اور بہو نمرا گرفتار ہیں۔