Time 15 اپریل ، 2023
کھیل

پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں صائم ایوب اپنی کونسی خواہش پوری کرنا چاہتے ہیں؟

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ نئے بال کو کھیلنا مشکل تھا، نیوزی لینڈ نے پاور پلے میں اچھی بولنگ کی۔

جمعہ کو پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 88 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا،قومی ٹیم کی جانب سے نوجوان بیٹر صائم ایوب اور فخر زمان نے 47،47 رنز کی اننگز کھیلی۔

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور گرین شرٹس نے 88 رنز سے میچ جیت لیا۔

میچ کے بعد جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  پاکستانی بیٹر صائم ایوب نے کہا کہ  پلان یہی تھا کہ اچھے شاٹش کھیلنا اور ارادہ مثبت رکھنا ہے، ماڈرن کرکٹ میں ٹیم میں رہنے کیلئے جارح کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریف ٹیم کی اسٹرینتھ کو دیکھ کر پلان کرنا بہت ضروری ہے، بیٹنگ کرنا تو سب کو آتی ہے، بابر اعظم سے میں نے کھیلنا سیکھا، کچھ اننگز میں تو رنز بن ہی جاتے ہیں، اصل چیز باقاعدہ پلان سے کھیلنا ہے۔

صائم ایوب کا کہنا تھا کہ بابر اعظم سے سیکھا کہ پلان کیسے کرنا ہے، حریف کو کیسے پرکھنا ہے، کس صورتحال میں کیا کرنا ہے،  ففٹی نہ ہونے پر مایوسی تو ہوتی ہے مگر اتنا بھی مسئلہ نہیں، میرے لیے اہم تھا کہ میں اس وقت اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالوں۔

نوجوان بیٹر نے مزید کہا کہ دنیا میں ٹاپ کی ٹیم رہنے کیلئے جارح کرکٹ کھیلنا ضروری ہے، میرا ہدف ایک ہی ہے، وہ یہ کہ ایسا پرفارم کروں کہ میری ٹیم جیتے، ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر میں فرق نئے اور پرانے گیند کا ہوتا ہے، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا جس نمبر پر بھی ہوں اس کے حساب سے پلان بنا کر بیٹنگ کرتا ہوں۔

صائم ایوب نے خواہش ظاہر کی کہ ہم نیوزی لینڈ کے خلاف سارے میچز جیتیں اور اس میں میرے رنز کا کردار ہو۔

مزید خبریں :