Time 15 اپریل ، 2023
پاکستان

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس، قائد ایوان کے انتخاب کیلئے جوڑ توڑ جاری

سیاسی جماعتوں نے قائد ایوان کے لیے نامزد امیدوار کا اب تک باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے: ذرائع— فوٹو:فائل
سیاسی جماعتوں نے قائد ایوان کے لیے نامزد امیدوار کا اب تک باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے: ذرائع— فوٹو:فائل

مظفرآباد: آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں آج نئے قائد ایوان کا انتخاب متوقع ہے۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج دن سوا دو بجے بلایا گیا ہے اور اسمبلی سیکرٹریٹ میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے قائد ایوان کے لیے نامزد امیدوار کا اب تک باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے، نئے قائد ایوان کے لیے سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور پس پردہ جوڑ توڑ جاری ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری یاسین کا دعویٰ ہے کہ میں اپوزیشن جماعتوں کا متفقہ امیدوار ہوں جبکہ صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کا کہنا ہے کہ اب تک متفقہ امیدوار کا فیصلہ نہیں ہوا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور آزاد کشمیر میں اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کا کہنا ہے کہ چوہدری یاسین وزارت عظمیٰ کے خود ساختہ امیدوار ہیں۔

پی ٹی آئی نے بھی قائد ایوان کے لیے ابھی تک اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا ہے اور پی ٹی آئی رہنما چوہدری مقبول گجر کا کہنا ہے کہ عمران خان انتخاب سے آدھا گھنٹہ قبل امیدوار کا نام بھیجیں گے، پرویز خٹک اور سردار تنویر الیاس میں کوئی تلخی نہیں ہوئی۔

قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر خواجہ فاروق کا کہنا ہے کہ عمران خان کے نامزد کردہ امیدوار کو تمام ارکان اسمبلی ووٹ دیں گے، سیاسی جماعتوں میں چھوٹا موٹا اختلاف ہوتا رہتا ہے، رائے دینےکا مطلب جماعت میں اختلاف نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :