16 اپریل ، 2023
لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں چینی کی اسمگلنگ اور ذخیرہ انداوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو اسمگلروں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔
وزیر اعظم نے لاہور کے اجلاس کے بعد چینی سمیت دیگر اشیا کی اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے ملک گیر حکمت طے کرنے کیلئے کل اسلام آباد میں بھی اجلاس طلب کرلیا۔
لاہور میں منعقدہ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے پنجاب میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات اور نگرانی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو چینی مل مالکان سے ملاقات کی بھی ہدایت کی۔