16 جنوری ، 2012
خان پور …خان پور میں چہلم کے جلوس میں دھماکے کے خلاف سٹی تھانہ کے سامنے عزاداروں کا دھرنا جاری ہے۔دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ نمازِظہرین کے بعدادا کی جائے گی۔ شہر میں سوگ ہے اور تمام کاروباری تجارتی اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔خانپور میں امام بارگاہ دربار حسینیہ سے بر آمد ہونے والے چہلم کے جلوس میں دھماکے کے خلاف عزاداروں کا گزشتہ رات سے سٹی تھانہ کے سامنے دھرنا جاری ہے۔ عزادروں کا مطالبہ ہے کہ دھماکے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی اجتماعی نماز جنازہ دھماکے کی جگہ پر نماز ظہرین میں ادا کی جائے گی۔ جس کے بعد جلوس روانہ ہوگا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شہر والا پھاٹک پہنچے گا جہاں مجلس عزا برپا ہوگی۔ جس کے بعد جلوس روائتی راستوں سے ہوتا ہواواپس شاہی روڈ پر امام بارگاہ دربار حسینہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ خان پور شہر میں سوگ کی فضا ہے،تمام تعلیمی اور تجارتی ادارے بند ہیں ،بار ایسوسی ایشن نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کررکھاہے۔ چہلم کے جلوس میں دھماکے سے 17 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوگئے تھے۔