کھیل

حکومتی معاونت کے منتظر ریکارڈ ساز نوعمر فٹ بالر منیر آفتاب انتقال کرگئے

26 سالہ گولڈ میڈلسٹ فٹبالر منیر آفتاب عرف ’منا‘ گردے فیل ہونے کے باعث منگل کی دوپہر انتقال کرگئے— فوٹو: جیو نیوز
26 سالہ گولڈ میڈلسٹ فٹبالر منیر آفتاب عرف ’منا‘ گردے فیل ہونے کے باعث منگل کی دوپہر انتقال کرگئے— فوٹو: جیو نیوز

کم عمری میں عالمی مقابلوں میں قومی فٹبال ٹیم کی قیادت کرنے والے 26 سالہ گولڈ میڈلسٹ فٹبالر منیر آفتاب عرف ’منا‘ گردے فیل ہونے کے باعث منگل کی دوپہر انتقال کرگئے۔

مینر کی حالت بگڑنے پر عید سے چند روز قبل انہیں ایس آئی یو  ٹی میں لے جایا گیا جہاں وہ آخری سانسوں تک وینٹی لیٹر پر رہے۔

نیشنل بینک کی ٹیم سے فارغ کیے جانے اور جان لیوا بیماری کے باعث انتہائی پریشانی کے عالم میں وہ دنیا سے رخصت ہوئے۔ مرحوم نے لواحقین میں بیوہ، تین بیٹیوں اور  والدین کو سوگوار چھوڑا ہے۔

مرحوم کی نمازہ جنازہ بغداری مسجد، سیفی لائن میں جبکہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں ہوئی۔

وہ علاج معالجے، تین معصوم بچیوں اور گھر کے اخراجات چلانےکے حوالے سے بہت زیادہ فکر مند تھےاور حکومتی معاونت کے منتظر تھے لیکن وہ اسی فکر کے ساتھ جہان فانی سے رخصت ہوگئے۔

لیاری کے کئی عظیم فٹ بالرز نے قومی ٹیم میں شامل ہونے کےکافی عرصے بعد اپنےکھیل سے اپنی پہچان بنائی لیکن منیر آفتاب وہ واحد باصلاحیت کھلاڑی تھا جس نے 12 سال کی عمر میں 2009 ء میں ایران میں ہونے والےانڈر 13فٹ بال فیسٹول میں قومی ٹیم کی قیادت کی اور اس کے بعد شاندار کیریئر میں انڈر 14 ،15 اور 16میں بھی عالمی مقابلوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی۔

بھارت کے خلاف ساف فٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ نیشنل بینک نے 12 سال قبل اُس وقت کے بہترین کھلاڑیوں کو  وظیفہ کے طور پر ملازمت دی اور منیر آفتاب کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا لیکن اسپورٹس مین وزیراعظم عمران خان کے دور میں مختلف ڈپارٹمنٹس نے اپنی ٹیمیں بند کیں ان میں نیشنل بینک بھی شامل تھا جس نے کئی نوجوانوں کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم سے فارغ کردیا۔

مزید خبریں :