26 اپریل ، 2023
بھارت میں ہونے والے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی شرکت کے معاملے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے بھارت جانے کیلئے حکومت سے اجازت طلب کرلی۔
سیکرٹری پی ایچ ایف حیدر حسین نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو این او سی کیلئے خط لکھ دیا ہے اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو انٹری بھیج دی ہے ۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 3 سے 12 اگست تک بھارت کے شہر چنئی میں ہوگی۔ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان سمیت 6 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
حیدر حسین نے بتایا کہ ایشین چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلی تو بھاری جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیل کر ہی اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل سکیں گے، بھارت نہ جانے میں سب سے بڑی رکاوٹ فنڈز ہیں، ٹورنامنٹس میں شرکت کیلئے 4 کروڑ روپے کی ضرورت ہے، اسپیشل فنڈز کیلئے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ اسپانسرز سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں، امید ہے پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر ایک بار پھر فنڈز جمع کرلیں گے۔