کھیل
Time 28 اپریل ، 2023

کیویز کیخلاف فتح پر شاہد آفریدی نے پاکستانی کھلاڑیوں کی تعریف کن الفاظ میں کی؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار فتح حاصل کرنے پر  قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

جمعرات کو پاکستان نے 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور کیے، ڈیرل مچل نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ول ینگ نے بھی 86 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی۔

نیوزی لینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹر فخر زمان نے 114 گیندوں پر شاندار 117 رنز بنائے،ان کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔اس کے علاوہ امام الحق 60 ،کپتان بابر اعظم نے 49 اور محمد رضوان نے 42 رنز اسکور کیے۔

پہلے ون ڈے میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر شاہد آفریدی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعریف کی۔

شاہد آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ 'بہترین کامیابی، فخر کی شاندار اننگز نے جیت کی بنیاد رکھی،امام نے بھی اچھا ساتھ دیا جبکہ بابر اعظم اور رضوان نے بتایا کہ کیوں وہ دنیا کے بہترین بیٹرز ہیں'۔

انہوں نے نسیم شاہ  کی بولنگ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ نسیم نے بالکل اسی طرح بولنگ کی جس طرح ایسی پچز پر فاسٹ بولرز کو کرنی چاہیے۔

مزید خبریں :